پونے، 14/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی مہاراشٹر میں احمد نگر ضلع کے ایک گاؤں میں مقامی بلدیاتی انتخابات کے ایک امیدوار کے گھر رات کے کھانے میں زیادہ شراب پینے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔پولیس نے منگل کو اس واقعہ کی اطلاع دی، حالانکہ پولیس نے زہریلی شراب پینے کے خدشہ سے انکار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ 6 دیگر افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔احمد نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سوربھ ترپاٹھی نے کہاکہ پنگارمل گاؤں سے شیوسینا کے ایک امیدوار نے اتوار کی رات اپنے گھر پر عشائیہ کا اہتمام کیا تھا، جہاں پر شراب اور کھانا پیش کیا گیا تھا، پیر کی صبح میں (رات کے کھانے میں شامل ہونے والے)کچھ لوگوں نے قے اوردست کی شکایت کی جس کے بعد انہیں ایک قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پر تین لوگوں کی موت ہو گئی۔حالانکہ ترپاٹھی نے زہریلی شراب کے خدشہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر زہریلی یا متھائل الکوحل لینے کے بعد انسان طویل وقت تک زندہ نہیں رہتا ہے، لیکن اس معاملے میں تمام لوگوں نے اگلے دن قے اور دست کی شکایت کی تھی۔پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ حد سے زیادہ ایتھے نائل کے استعمال کی وجہ سے موت ہوئی ہے،حالانکہ ہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس میں کیا ملایا گیا تھا، جہاں سے اسے خریدا گیا تھا،اس دکان کے مالک سے بھی پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں فارنسک جانچ کے بعد ہی موت کی صحیح وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔ترپاٹھی نے بتایا کہ اتوار کو رات کا کھانے پیش کرنے والے امیدوار سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ایسے میں ہم نے حادثاتی موت کا ایک معاملہ درج کرلیا ہے۔پولیس نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت راجندر اندھالے (45)، پوپٹ اوہد (40)اور دلیپ اوہد(45)کے طور پر ہوئی ہے۔